احمدآباد،4؍ جنوری (ایس او نیوز؍آئی ای ایس انڈیا) عام آدمی پارٹی (آپ) نے اتوار کے روز کہا کہ وہ گجرات میں آئندہ بلدیاتی انتخابات میں تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرے گی اور پارٹی نے 504 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی۔ پارٹی نے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ وہ ریاست میں برسراقتدار بی جے پی کے ایک مضبوط متبادل کے طور پر ابھرے گی۔
دہلی میں آپ کی ترجمان اور ایم ایل اے آتشی نے گجرات میں بلدیاتی انتخابات، میونسپل کارپوریشن، ضلع اور تھانہ پنچایتوں جیسے بلدیاتی انتخابات کے لئے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی۔ یہ انتخابات شائد فروری میں ہوں گے۔آتشی نے کہاکہ’ آپ‘ ریاست میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات میں تمام سیٹوں پر لڑے گی۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی گجرات کی انتخابی سیاست میں بی جے پی کے مضبوط متبادل کے طور پر داخل ہوگی۔ آپ بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے کام کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ’ آپ‘ نہ صرف گجرات میں بلدیاتی انتخابات، بلکہ اسمبلی انتخابات اور دیگر انتخابات بھی لڑے گی۔ گجرات کے لوگ متبادل چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ آپ عوام کے مطالبے پر ریاست کی انتخابی سیاست میں داخل ہورہی ہے۔آتشی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ ڈرانے اور بہکانے کیلئے سیاست کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ملک میں کوئی بھی ایسا لیڈر ہے جو بی جے پی سے خوفزدہ نہیں ہے تو وہ اروند کجریوال ہیں اور اگر ایسی کوئی پارٹی ہے جسے بی جے پی ڈرایا بہکا نہیں سکتی ہے وہ ’آپ‘ ہے،ہم اروند کجریوال کے سپاہی سچ کی جنگ لڑتے رہیں گے۔ آتشی نے کہا کہ یہ فہرست کچھ ہفتوں قبل جاری کی جارہی ہے، کیونکہ امیدواروں کو گھر گھر انتخابی مہم چلانی ہوگی۔
آپ لیڈر نے کہا کہ پارٹی نے ایک ای میل ایڈریس جاری کیا ہے، تاکہ اگر لوگ امیدوار میں دلچسپی نہیں رکھتے یا آپ کو اس کے خلاف شکایت کرنا ہے تو وہ میل کرسکتے ہیں۔آپ گجرات یونٹ کے نئے مقرر کردہ سربراہ گوپال اٹالیہ نے کہا کہ 504 امیدوارکی پہلی فہرست جاری کی گئی ہے ان میں 31 فیصد خواتین ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ پہلی فہرست ہے اور ہم جلد ہی دوسری فہرست جاری کریں گے، ہم تمام نشستوں پر انتخاب لڑیں گے، ہمارے مسائل تعلیم، صحت اور بدعنوانی سے متعلق ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ گجرات میں بدعنوانی کا مکمل خاتمہ ہو۔